1 جنوری 2014 - 20:30
پرویز مشرف کو علاج کیلئے بیرون ملک منتقل کرنے پر غور/ توہین عدالت ہوگی،حامد میر

پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف عدالت جاتے ہوئے راستے میں دل کی تکلیف میں مبتلا ہو گئے اور ان کو عدالت کے بجائے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔/عدالت سے پوچھے بغیر مشرف کو بیرون ملک بھیجنا توہین عدالت ہوگی، حامد میر

ابنا: ذرائع کے مطابق عدالت کی جانب سے انکی حاضری کے لئے دیئے جانے والے نوٹس کے بعد اور انکے وکلا کی جانب سے استثنی کے لئے دائر کی جانے والی درخواست کے رد ہو جانے کے بعد آج سابق آرمی چیف اور سابق صدر پرویز مشرف کو عدالت میں پیشی پر لے جایا جا رہا تھا کہ راستے میں ان کی حالت بگڑ گئی۔ مشرف کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی سیکیورٹی جان محمد نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پرویز مشرف، عدالت آرہے تھے کہ اچانک ان کی طبیعت خراب ہوگئی جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پرویز مشرف دو بار سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر عدالت میں حاضر نہیں ہوئے تھے۔ ایک اور اطلاع یہ ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کو علاج کے لیے بیرون ملک منتقل کرنے پر غور کیا جارہا ہے تاہم بیرون ملک منتقلی کا فیصلہ ڈاکٹرز کی حتمی رپورٹ آنے کے بعد کیا جائے گا۔ ادھر پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وہ پرویز مشرف کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہیں کہ انہیں پاک فوج کی حمایت حاصل ہے۔ پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ فوج کو پرویز مشرف  کے اس بیان پر وضاحت کی کوئی ضرورت نہیں کہ جس میں انہوں نے  یہ دعویٰ کیا ہے کہ انہیں فوج کی حمایت حاصل ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ وہ بطور وزیر دفاع پرویز مشرف کے بیان کی تردید کرتے ہیں۔

عدالت سے پوچھے بغیر مشرف کو بیرون ملک بھیجنا توہین عدالت ہوگی، حامد میر    
اسلام آباد…سینئر تجزیہ کار اور جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک کے میز بان حامد میر نے سابق صدر پرویز مشرف کی طبیعت خراب ہونے اور انہیں علاج کیلئے ملک سے باہر بھیجے جانے کے حوالے سے کہا ہے کہ ماہرین قانون کی رائے میں پرویز مشرف اس وقت حکومت کی نہیں بلکہ عدالت کی تحویل میں ہیں، اگر سابق صدر پرویز مشرف کو عدالت سے پوچھے بغیر انہیں ملک سے باہر بھیجا گیا تو یہ توہین عدالت ہوگا۔

.......

/169